ایک رپورٹ کے مطابق لاہور میں اسیمپٹومیٹک کورونا وائرس کیسز کی تعداد 7 لاکھ ہوسکتی ہے

Pakistan
Asymptomatic coronavirus cases in Lahore

اس وقت پاکستان میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 76,398 ہے جب کہ 1,621 اموات واقع ہوئی ہیں ان میں سے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3,938 کووڈ 19 کے کیس رپورٹ کئے گئے ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق ملک میں مشتبہ کووڈ 19 کے کیسز کی تعداد ممکنہ طورپر بہت زیادہ ہے، صرف لاہور شہر میں ایک اندازے کے مطابق 670,000 اسیمپٹومیٹک کیسز ہوسکتے ہیں۔

اس رپورٹ کو محکمہ پنجاب کے پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈپارٹمنٹ نے تیار کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ لاہور کے بیشتر علائقوں میں کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کا پتا لگانے کےلئے ایک سروے کیا گیا ہے جہاں پر 12 ملین افراد رہائش پذیر ہیں۔

اس سروے میں مثبت پائے جانے والے افراد کی فیصد کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک اندازے کے مطابق لاہور میں اسیمپٹومیٹک مریضوں کی تعداد 670,000 بتائی گئی ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ، “خصوصا لاہور میں کیسز کی بڑہتی ہوئی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے تجویز دی گئی ہے کہ آنے والے کچھ دنوں میں سامنے آنے والی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کےلئے صحت کے تمام شعبوں میں سہولیت میں اضافے کی گنجائش کےلئے بروقت منصوبہ بندی کی جائے۔

اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہر کا کوئی بھی رہائشی علائقہ کورونا وائرس سے پاک نہیں ہے، پورے لاہور میں اس طرح کی ٹرانسمیشن کو دیکھا گیا ہے اور جب کہ سب سے زیادہ متاثرہ عمر گروپ 50 سال اور اس سے زیادہ کا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکومت پنجاب کو مزید چار ہفتوں کےلئے مکمل طور پر لاک ڈائون نافذ کردینا چاہئے تاکہ مہلک کووڈ 19 کے پھیلاؤ پہ قابو پایا جاسکے۔

حکومت سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ لوگوں کو کہیں کہ گھر کے اندر ہی رہیں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ آئیں۔